رانی مکھرجی کی ایکشن تھرل ’مردانی 3‘ نے 30 جنوری کو ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر اپنی مضبوط موجودگی رجسٹر کرا دی۔ فلم نے صرف تین دنوں میں مجموعی طور پر 17.50 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کر لیا ہے جو اس کی مقبولیت اور مثبت ریویوز کا ثبوت ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فلم کے تیسرے دن کی کمائی میں واضح اضافہ دیکھنے کو ملا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ناظرین رانی مکھرجی کے طاقتور کردار اور فلم کی گرفت رکھنے والی کہانی کو خوب سراہ رہے ہیں۔
فلم میں رانی مکھرجی ایک بار پھر اے سی پی شیوانی شیواجی رائے کے روپ میں ایک بے خوف، بہادر اور بےحد مضبوط پولیس افسر کے کردار میں جلوہ گر ہیں۔ فلم کی تیز رفتار کہانی، ایکشن سکوئینسیز اور سنسنی خیز ماحول شائقین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اگر فلم کی یہی رفتار برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں مجموعی کمائی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
رانی مکھرجی کا ’وردی‘ پہننے کا تجربہ
ایک تازہ گفتگو میں رانی مکھرجی نے بتایا کہ تیسری مرتبہ پولیس آفیسر کا کردار نبھانا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یونیفارم پہننے والی خواتین ہمارے معاشرے کی حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کی روزمرہ کی جدوجہد، ان پر آنے والے چیلنجز، اور ان جرائم کی نوعیت جن کا وہ سامنا کرتی ہیں، یہ سب غیر معمولی ہے۔‘
فلم کی کاسٹ اور اہم کردار
فلم میں رانی کے ساتھ جانکی بوڈِیوالا کانسٹیبل فاطمہ انور کے روپ میں، جو تفتیش میں شیوانی کی اہم مددگار ہیں۔ پراجیش کشیپ رامانُجن کے کردار میں، جو پہلے ایک این جی او کے بانی اور انسانی سمگلنگ کے شکار کے طور پر سامنے آتے ہیں، مگر بعد میں کارروائی کے دوسرے ماسٹر مائنڈ ثابت ہوتے ہیں۔
فلم کی سینماٹوگرافی آرتر ژورافسکی نے کی، موسیقی جان سٹیورٹ ایڈوری نے ترتیب دی، جبکہ ایڈیٹنگ یاشا رامچندانی نے انجام دی۔ فلم یَش راج فلمز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔