جرمنی(بی بی سی اردوپوائنٹ) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر اہم عالمی رہنماؤں اور دفاعی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہ شت گردی میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرمن حکام سے ملاقاتوں کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی امور کے مشیر گنٹر ساوٹر اور جرمن مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں موجودہ سکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آرمی چیف نے برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگوئیار فریرے سے بھی ملاقات کی جس میں عسکری تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہائیکل نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی جس میں علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقاتیں پاکستان کے عالمی سطح پر دفاعی و سکیورٹی تعاون کے فروغ کی عکاس ہیں۔