بنوں(بی بی سی اردوپوائنٹ)ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ -ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے میریان دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔
ڈی آئی جی نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے سے ملاقات کی اور زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے لواحقین سے بھی ملاقات کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈی آئی جی سجاد خان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پولیس عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگردوں کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی دین۔ دہشتگردوں نے پولیس پر حملے کا موقع نہ ملنے پر بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے آسان ہدف عوام کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، ان سے پوری قوت کے ساتھ نمٹا جائے گا اور ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج صبح دہشتگردوں نے تھانہ میریان کے نزدیک موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کا دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 02 افراد شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں