کولمبو(بی بی سی اردوپوائنٹ)ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرا دیا-میگا کرکٹ ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے 27 ویں میچ میں بھارت نے پاکستانی ٹیم کو 61 رنز سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دیا لیکن گرین شرٹس 18 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان سلمان علی آغا سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 34 کے مجموعی اسکور پر صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
گرین شرٹس کی طرف سے عثمان خان 44، شاہین شاہ آفریدی 23 رنز ناٹ آؤٹ، شاداب خان 14 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد اور عثمان طارق کھاتہ بھی نہ کھول سکے جبکہ صائم ایوب 6، سلمان علی آغا اور محمد نواز 4، 4 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
بھارت کی طرف سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمرا، ورون چکرورتی، اکشر پٹیل نے 2، 2 جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 175 رنز بنائے تھے، ایشان کشن نے 77 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی اور ٹیم کے اچھے ہدف میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سوریا کمار 32، شیوم دوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ابھیشیک شرما، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل صفر رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ رنکو سنگھ نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔گرین شرٹس کی طرف سے صائم ایوب کامیاب ترین بولر رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 وکٹ لیں، آخری اوور میں لگاتار 2 گیندوں پر 2 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان کی طرف سے کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے 1،1 وکٹ اپنے نام کیں۔
میچ کے دوران آئی سی سی چیف جے شاہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق بھارتی کپتان روہت شرما اور سری لنکن بورڈ آفیشلز اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہ ملایا
میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میگا ایونٹ کے بڑے میچ میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی، دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔
پلیئنگ الیونز
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔
بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور ٹیم میں جارح مزاج بلے باز ابھیشیک شرما اور تجربہ کار اسپنر کلدیپ یادیو کی واپسی ہوئی۔
بھارتی ٹیم کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، تلک ورما، ہاردیک پانڈیا، شوم ڈوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتھی اور جسپریت بمراہ پر مشتمل تھی۔
ٹیموں کا وارم اپ
اس سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم پہنچی تھیں، کھلاڑیوں نے میدان میں ورام اپ کیا۔
ایونٹ کے تمام میچز جیو سوپر اور مائیکو ایپ پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم کے گیٹ شائقین کے لیے کھولا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا تھا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔