ملتان(بی بی سی اردوپوائنٹ)ملتان میں سولر سسٹم کی بیٹری میں شارٹ سرکٹ، گھر کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو نے بروقت قابو پا لیا
ملتان کے علاقے ممتاز آباد میں لطیف اللہ چوک کے قریب واقع ایک گھر کے کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع کالر کی جانب سے ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو دی گئی جس پر فائر فائٹنگ ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق گھر کے کمرے میں نصب سولر سسٹم کی بیٹری اور بریکرز میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث آگ لگی جس نے کمرے میں موجود سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور آگ پر قابو پا لیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل مکمل کر کے علاقے کو محفوظ بنا دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے آپریشن مکمل کرنے کے بعد صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں قرار دے دیا